اصغر خان کیس۔ آج ہی وفاقی کابینہ اجلاس کرے آج ہی فیصلے سے آگاہ کرے۔ چیف جسٹس
فائل فوٹو
لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس پر کابینہ کا اجلاس نہ بلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آج شام تک ہی اجلاس بلا کر جواب دینے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں اصغر خان فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔
ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ اس حوالے سے انکوائری جاری ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ نے اصغر خان کیس سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ کیوں نہیں کیا؟ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ کابینہ کا اجلاس بلانے کے لیے مہلت دی جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ اتنا سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومت کو کوئی فکرہی نہیں ہے۔
جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس سے متعلق آج شام تک وفاقی کابینہ کا اجلاس بلاکر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آج ہی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔