خواتین کو خود کفالت کے لیے بھینسیں ، گائےاور مرغیاں دیں گے،وزیراعظم

0

فوٹو : ریڈیو پاکستان

میانوالی(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے ہمارے ملک میں چھوٹے کرپٹ لوگوں کو پکڑا اور بڑے ڈاکوؤں کو چھوڑ دیاجاتا رہا ہے، اس سے ملک میں کرپشن بڑی ہے۔ بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں تو چھوٹے خود ہی ڈر جاتے ہیں.

کندیاں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہماری حکومت میں پہلی بار ہوا ہے کہ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالے جارہے ہیں۔ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن میں کمی آرہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہیے اگر کوئی کمی ہے تو پھر یہ یہ ہماری غلطی ہے، پاکستان دنیا کو اناج دے سکتا ہے، ملک میں اناج کبھی مہنگا نہیں ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہاہمیں علم ہی نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے کتنی نعمتوں سے نوازا ہے اس لیے پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہیے.

وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستانی عوام کو جنگل کی اہمیت کا علم نہیں ہے، ہمارے بچوں اور نوجوانوں میں شجرکاری سے متعلق آگاہی نہیں ہے، لوگوں نے جنگلات ختم کرکے زمینوں پر قبضے کرلئے، ہم نے جنگل تباہ کیے تو موسمیاتی تبدیلی مستقبل تباہ کردے گی.

انھوں نے کہا بچوں کوشجرکاری کی اہمیت سےآگاہ کریں گے، اسکولوں میں ملک کے مستقبل کے لئے شجرکاری کی اہمیت کا سبق رکھا جائے۔ جنگلات کے خاتمے کے ذمہ داراں کو صرف جرمانہ نہ کیاجائے بلکہ انہیں جیلوں میں ڈالا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میرا مشن پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا لیکن ہم غلط راستے پر چلے گئے، ایک چھوٹا طبقہ امیر ہوگیا۔ ماضی میں سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا، اردو میڈیم اسکولوں سے ملک کے دانشور تعلیم حاصل کرتے تھے.

آج اچھی تعلیم کے لیے انگریزی اسکولوں اور علاج کے لئے نجی اسپتالوں میں جانا پڑتا ہے۔ ہمیں وہ ملک ملا جسے کنگال کر دیا گیا تھا، ہمارا فرض ہے کہ جو ترقی میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لایا جائے، پسماندہ علاقوں پر پیسہ خرچ کرنے سے ملک ترقی کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا تمام صورت حال کے باوجود ہم 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرچکے، ہر مہینے 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے اور خواتین کو خود کفالت کے لیے بھینسیں ، گائے اور مرغیاں دیں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.