کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دیں گے، آرمی چیف
فوٹو : آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمسائیوں کے ساتھ امن کی خواہش کے باوجود کسی بھی جارحیت کا موٴثر اور منہ توڑ جواب دیں گے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں آپریشن ردالفساد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں پاک فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی، شرکاء کو بدلتی ہوئی جیواسٹریٹیجک صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
شرکاء کانفرنس کو قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور چیلنجز پربریفنگ دی گئی جبکہ حکمت عملی اور جاری آپریشنز میں پیشرفت پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ امن کی خواہش کے باوجود کسی بھی جارحیت کا موٴثر و بھرپور جواب دیں گے۔فارمیشن کمانڈرز نے عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کی حمایت سے قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔
کانفرنس میں آپریشن ردالفساد میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور کلیئر کیے گئے علاقوں کو سول انتظامیہ کے کنٹرول میں دینے پر بھی غور ہوا۔
آرمی چیف نے کامیابیوں کو عوام، انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت قرار دیا۔
آرمی چیف نے جوانوں کی ا ٓپریشنل تیاریوں اوربلند حوصلے کوسراہا۔