ہر مہینے 80 ہزار افراد کو بلاسود قرضے دئیے جائیں گے ،وزیراعظم
فوٹو : فائل
لیہ(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے قومیں اس وقت تباہ ہوتی ہیں جب انصاف کانظام برابرنہ ہوجب بڑے چور لندن چلے جائیں اورچھوٹے چورپکڑے جائیں۔
لیہ میں “احساس آمدن پروگرام ” کے تحت احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں.
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے محکمہ کو بھی بہتر بنارہے ہیں، وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں بڑے چور ایوانوں میں پھریں، لندن چلے جائیں اور بڑے بڑے گھروں میں رہیں لیکن چھوٹے چورپکڑے جائیں.
میں نے آئی جی پنجاب پولیس کو چھوٹے بدمعاشوں کی بجائے بڑے بدمعاشوں کو پکڑنے کا حکم دیا ہے، پولیس بڑے ڈاکوؤں کو جیل میں ڈالے چھوٹے خود ٹھیک ہوجائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ غریبوں نے اگر عدالت میں جانا ہوگا تو ان کا وکیل حکومت کی طرف سے ہوگا، 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے، اسپتال بنانے کے لیے جو بھی مشینیں منگوانی ہیں ان سے ڈیوٹی ہٹادی گئی ہیں.
وزیر اعظم نے کہا صحت کے ساتھ ساتھ تعلیم کے نظام کی طرف بھی توجہ ہے اوراساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بھی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا اب تک یہاں جتنی بھی ترقی ہوئی اس سے امیر امیر اور غریب غریب تر ہوگیا، دونوں میں فاصلہ بڑھتا گیا، کوئی بھی ایسا معاشرہ آگے نہیں بڑھتا جہاں امیر اور غریب میں فرق ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’احساس پروگرام‘غریبوں کے لیے ہے، کفالت کارڈ کے ذریعے بھی ان کی زندگی میں بہتری آئے گی، اس پروگرام کے تحت کمزور طبقے کو وسائل دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی بہترکفالت کرسکیں.
انھوں نے کہا ہر مہینے 80 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، 50 ہزار اسکالر شپس دی جائیں گی، سڑکوں پر سونے والے بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہیں بنا رہے ہیں جو ملک میں ہرجگہ ہوں گی، 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی عام آدمی سڑک پر نہ سوئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری سمیت تمام اسکولوں میں یکساں نصاب کی کوشش کررہے ہیں، 70 سالوں میں تعلیم کا نظام جو بگڑا ہے اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک مشکل وقت سے نکل گیا لیکن آگے آسان زندگی نہیں اور بڑے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، ملک کا خسارہ 75 فیصد کم ہوا، روپیہ بھی مستحکم ہوا ، ملک اب سیدھے راستے پرہے اورآنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔