یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 16 فروری کو پاکستان آئیں گے
ویب ڈیسک
اسلام آباد:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 16 فروری کو 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں وہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں 40 برس مکمل ہونے پرمنعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے.
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری جنرل پاکستان میں افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 برس مکمل ہونے پر یک جہتی کے لیے ایک نئی شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس کانفرنس سے کلیدی خطاب کے علاوہ دورے کے دوران صدرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقاتیں کریں گے.
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی دیگر مصروفیات میں اراکین پارلیمنٹ، میڈیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں اور وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور امن کے موضوعات پر خصوصی گفتگو کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل لاہور جائیں گے جبکہ گوردوارہ کرتارپور صاحب کا دورہ بھی ان کی مصروفیات میں شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘دورے کے موقع پر ہماری قیادت اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو مسئلہ جموں و کشمیر کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کرے گی۔
اعلامیہ کے مطابق انتونیو گوتریس کا یہ دورہ عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف ہے اور خاص کر اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔