ایک اور امر یکی سفارتکار نے مو ٹر ساہیکل کو ٹکر مار دی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کرنل جوزف ایمانوئل کے بعد ایک اور امریکی سفارتکار کی گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موتمر عالم اسلامی کا نائب خطیب زخمی ہو گیا۔
واءس آف امریکہ کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کی گاڑی سے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مارنے کا یہ واقعہ ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب ریڈیو پاکستان چوک میں پیش آیا جہاں امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار نوجوان زخمی ہوگیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والے نوجوان کا نام نزاکت اعوان ہے جو مظفرآباد کا رہائشی ہے۔ نزاکت اسلام آباد میں موتمر عالم اسلامی کی سپر مارکیٹ میں واقع مسجد کا نائب خطیب ہے۔ گاڑی امریکی سفارت خانے کا سیکنڈ سیکریٹری چاڈ ریکس آسبرن چلا رہا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر امریکی سفارتکار کی گاڑی کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا جبکہ امریکی سفارت کار کو بھی تھانہ لایا گیا۔
پولیس کے مطابق اس سلسلہ میں وزارت خارجہ سے بھی رابطہ قائم کر لیا گیا ہے جبکہ امریکی سفارت کار کی تمام دستاویزات بھی پولیس نے قبضہ میں لے لی ہیں۔
یاد رہے رواں ماہ سات اپریل کو اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئل کی گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان عتیق بیگ جاں بحق جبکہ اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہو گیا تھا۔
کرنل جوزف ایمانوئل کا نام وزارت داخلہ نے بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے جبکہ اس معاملہ سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی کارروائی جاری ہے۔