نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس قطری خط جیسی بن چکیں،فردوس عاشق

0

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف ابھی تک ہسپتال داخل نہیں ہوئے حالانکہ شدید بیماری کا بیان دے کر لندن گئے تھے،عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا، قوم کے سامنے سچائی آکر رہے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دیگر قیدیوں کی بیٹیاں سوال کر رہی ہیں کہ ان سے امتیازی سلوک کیوں ؟ قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے، خواہشات کی بلی نہیں چڑھائیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی رہنما سیاہ کو سفید نہیں کر سکتے، حمزہ شہباز کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں، سچائی سے بھاگنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے،

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نے بھی قطری خط  کا درجہ حاصل کرلیا ہے، کہتے ہیں جب تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوتے میڈیکل رپورٹس نہیں بھجواسکتے، شریفوں نے قواعد و ضوابط سے جو کھلواڑ کیا، اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ اب میاں صاحب کے  پلیٹ لیٹس  کی خبر کی بجائے لندن کے ریستوران سے پلیٹوں اور چمچوں کی کھنک سنائی دیتی ہیں، میڈیکل رپورٹ کے ساتھ مریض کا  مینیو کارڈ  بھی قوم کو بتایا جائے تا کہ قوم کو حقائق کا پتہ چل سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.