وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تا حیات نا اہل کردیاگیا

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیاہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

عدالت کے35 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم ہوگئی۔

فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت محنت کی طرف سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق 2013 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔

کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت خواجہ آصف کا ملازمت کا معاہدہ موجود تھا، جس کی تصدیق یو اے ای کی حکومت نے بھی کی اور معاہدے کے تحت خواجہ آصف کمپنی معاملات کو خفیہ رکھنے کے پابند تھے۔

فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کے معاہدے کے تحت 1 سال میں مسلسل 7 روز غیرحاضری پر خواجہ آصف کی ملازمت ختم ہوسکتی تھی جبکہ معاہدے کے تحت انہیں ہر ماہ تنخواہ ملتی رہی اور خواجہ آصف نے اسے تسلیم بھی کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملازمت ظاہر کرنے سے خواجہ آصف کے لیے مفادات کے ٹکراوٴ کا معاملہ اٹھایا جاسکتا تھا، یہی وجہ ہے کہ کاغذات نامزدگی کے کالم 8 میں انہوں نے لفظ ‘کاروبار’ لکھا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں خواجہ آصف کی ملازمت سے متعلق 3 کنٹریکٹ بھی منسلک کیے گئے ہیں۔

عدالت عالیہ نے فیصلے کی مصدقہ کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا حکم بھی دیا، جس کے بعد خواجہ آصف کو قومی اسمبلی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.