لندن میں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس،وزیراعظم شاہد خاقان بھی شریک
لندن(نیب نیوز)دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کا پچیسواں اجلاس لندن میں باضابطہ طورپرشروع ہوگیا ہے۔
افتتاحی اجلاس بکنگھم پیلس کے بال روم میں ہوا ملکہ برطانیہ کی میزبانی میں ہونیوالے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتیہوئے دولت مشترکہ کی سربراہ ملکہ برطانیہ نے کہا کہ یہ فورم ترپن رکن ملکوں کو اپنے تصورات اورخیالات شیئرکرنے کے ساتھ تجربات سے استفادے اورتعاون بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
انھوں نے کہا ہم اس فورم سے دنیا کو پرامن ،مستحکم اورخوشحال بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ملکوں کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے شرکاء کی لندن آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں سے دولت مشترکہ رکن ممالک کو قریب لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اوراس فورم پر ہر رکن ملک کی آواز یکساں اور موٴثر ہے۔
دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے دولت مشترکہ فورم سے سماجی مسائل پر قابو پانے کیلئے اقدامات پرزوردیا۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ اجلاس میں چائلڈ لیبروملیریا کے خاتمے اورجمہوریت وقانون کی بالا دستی پر بات ہو گی۔