کورونا وائرس متحدہ عرب امارات پہنچ گیا، 4 افراد میں وائرس کی تصدیق

0

فوٹو : فائل

ابوظبی (ویب ڈیسک) چین میں تباہی پھیلانے والا مہلک ترین وائرس کورونا متحدہ عرب امارات پہنچ گیا، ووہان سٹی سے امارات پہنچنے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔

اس حوالے سے خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے ہلاکت خیز وائرس کرونا کی یو اے ای میں بھی ایک خاندان کو متاثر کیا ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص چین سے متحدہ عرب امارات پہنچا تھا جسے انتظامیہ نے اسپتال میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رکھا ہوا ہے اورفی الحال ان کی حالت قابو میں ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صحت کے شعبے سے وابستہ تمام ادارے ملک کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کورونا کے انسداد کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں، تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات اور تعاون بھی حاصل ہے۔

یاد رہے کہ کروناوائرس کی متحدہ عرب امارات منتقلی کے خدشے کے پیش نظر تمام ہوائی اڈوں پر پہلے ہی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، ایئرپورٹ پر ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نئی اسکریننگ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس، سنگاپور سمیت 16 ایسے ممالک میں جہاں اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں، ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

چین میں مہلک کرونا وائرس کے سبب نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، ایک کروڑ دس لاکھ آبادی والا شہر سنسان ہو گیا اور ہر طرف ہو کا عالم ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں چین میں کرونا وائرس سے اب تک 170 اموات ہو چکی ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.