بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر احتجاجی مظاہرے
اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر لندن میں مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے مظالم اور ننھی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
جیو نیوز کے مطابق دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے برطانیہ پہنچنے پر لندن کی ٹین ڈاوٴننگ اسٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
لندن میں پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اور زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 8 سالہ بچی ا?صفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے بازی کی۔
احتجاجی مظاہرہ برطانیہ کی سکھ برادری اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا جس کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہی بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں 17 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا تھا جس کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔