مختلف ممالک کی جیلوں میں قید 8608 پاکستانیوں کو رہائی مل گئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، وزیراعظم عمران کی خصوصی کوششوں سے بیرون ملک قید 8608 پاکستانیوں کو قید سے آزادی مل گئی.
بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کے بارے میں وفاقی حکومت نے تمام اعداد وشمار کی رپورٹ جاری کی ہے،سعودی عرب کی جیلوں سے 2620 پاکستانی موجودہ حکومت کی کوششوں سے رہا ہوچکے ہیں.
یو اے ای کے جیلوں سے 3423 پاکستانی رہا ہو کر پاکستان آئے، ملائشیا کے جیلوں میں قید 1540 پاکستانی رہا ہوکر خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچے جنھیں واپس لانے کے لیے عمران خان نے دو دفعہ خصوصی طیارہ بھیجا.
وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی تقریر میں جیلوں میں قید پاکستانیوں اور انکی مشکلات کا ذکر کیا تھا، اور بیرونی جیلوں میں اسیر ہم وطنوں کی رہائی کیلئے بھرپور کوشش کا عزم کیا تھا.
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں وزیراعظم نے ان سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی.
وزیراعظم نے نہایت جذباتی انداز میں ان محنت کش پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاکستانیوں کا خیال رکھئے گا وہ میرے دل کے بڑے قریب ہیں.
جن دیگر ممالک سے پاکستانیوں کو حکومتی کوششوں کے بعد رہائی ملی ان میں عراق سے 668، قطر سے 106 اور کویت کی جیلوں سے 113 پاکستانی قید سے آزاد ہوئے.