میرے پاس تم ہو، کی آج آخری قسط، ٹی وی سےشروع ڈرامہ کا سینما پر اختتام ہو گا
فوٹو : میرے پاس تم ہو، انسٹاگرام
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اے آر وائی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی آج رات نشر ہو گی جو کہ ٹی وی کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے بڑے سنیماؤں میں دکھائی جائے گی۔
آج کی آخری قسط کا دورانیہ پہلی اقساط کے مقابلے میں ڈبل ہو گا، پاکستانی ڈرامہ سیریل کی تاریخ میں ریکارڈ ریٹنگ لے کر ’میرے پاس تم ہو‘ نے نیا باب رقم کیا ہے.
مقبول ترین ڈرامہ سیریل کا آج اختتام ہو جائے گا لیکن اس سیریل سے شروع ہونے والی کرداروں اور ڈائیلاگ کی بحث شائد کافی دیر تک چلے گی تاہم ناظرین اپنے پسندیدہ ڈرامے کی آخری قسط دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
میرے پاس تم ہو، کی آخری قسط کو گرینڈ فنالے طور پر پیش کیا جائے گا، آخری قسط کا دورانیہ دو گھنٹے ہے جو کہ آج (25 جنوری) شب 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیا جانا ہے۔
عوامی تجسس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط ملک بھر کے بڑے سنیما گھروں میں دیکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے معروف سنیماؤں میں آخری قسط اپنے مقررہ وقت پر نشر ہو گی.
ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر جو کہ اس ڈرامے کے حوالے سے ان دنوں زیر بحث ہیں نے آخری قسط سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا گواہ ہے کہ آخری سین لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے تھے اور میں رو رہا تھا۔
انہوں نے بتایا آپ دیکھتے جائیے آگے کیا تماشا ہونے والا ہے، ڈرامے کی آخری قسط سب کی اسی طرح جان لے گی جس طرح اس نے میری جان لی ہے، ڈرامے کی ہر قسط پچھلی قسط سے زیادہ اچھی ہے۔
قبل خلیل الرحمان قمر کی منطق ہے کہ وہ عورت کے ہاتھوں برباد ہوئے مرد پر ترس کھاتے ہیں، جب انھوں نے یہ ڈراما لکھنے کا ارادہ کیا تھا تو خود بخود ان کے ذہن میں مکالمے آنا شروع ہوگئے اور میں انہیں سنبھالتا اور لکھتا گیا۔
انھوں نے کہا یاد رکھیں خدا نے میرے قلم سے وہ چیز آپ کے پاس بھیج دی جو بہت ساری عورتوں کو سنبھلنے کا موقع دے گی اور بہت سارے مردوں کو یہ سوچنے کا موقع دے گی کہ ایسی عورتوں کے منہ پر تھپڑ مارنے کی ضرورت نہیں ہوتی.
میرے پاس تم ہو، کی جاندار کہانی اور ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی کی شاندار اداکاری کی بدولت ڈرامے کی ہر قسط سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنتی رہی ہے۔تجسس سے بھر پور سکرپٹ نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا رکھا.
آخری قسط میں کیا ہوگا؟ خلیل الرحمٰن قمر نے کہا مجھے نہیں پتہ، رومی کی ٹیچر حانیہ یعنی حرامانی سے سوال ہوا جواب آیا نہیں پتہ، ہمایوں سے پوچھا گیا کہتے ہیں انتظار کرو تجسس برقرار رہنا بھی ضروری ہے.
اس سب کچھ کے باوجود ڈرامہ کی کہانی اور ڈائیلاگز کو لے کر بھی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بحث چلتی رہی، خواتین نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ محض ایک کہانی ہے اس کے خلاف محاذ کھڑا کر دیا، مصنف کے ساتھ لاہور میں ایک نشست منسوخ کرنا پڑی.
ڈرامہ سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط کو نشر کرنے سے روکنے کیلئے لاہور کی سول عدالت میں شہری ماہم جمشید کی طرف سے درخواست بھی دائر کی گئی جسے سول جج نائلہ ایوب نے فریقین کے وکلاء کا موقف سن کر مسترد کردیا ۔
ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کے لیے خاتون ماہم جمشید نے اپنے وکیل ماجد چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی،جس میں موقف اختیار کرتےہوئے کہاتھا کہ ڈرامے میں خواتین کی مسلسل تضحیک اور عورت کو معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈرامے، میرے پاس تم ہو، نے پاکستانی خواتین پر مثبت نتائج نہیں ڈالے۔ لہذٰا عدالت فوری ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کا حکم دے۔
اس ڈرامے کی مقبولیت کی وجہ سے اس کا موازنہ سوشل میڈیا پر پی ٹی وی کے دور کے ڈراموں سے کیا جارہا ہے اسی لیے پروڈیوسر اور مرکزی اداکار ہمایوں سعید اور ڈائریکٹر ندیم بیگ نے اس کی آخری قسط ٹی وی کے بجائے سینما میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔