حکومت کی فرانس سے پاکستانی صحافیوں کی تربیت فراہمی کی درخواست

0

فوٹو : ریڈیو پاکستان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں صحافیوں کی بے روزگاری پر خاموش حکومت نےصحافیوں کو تربیت کی فراہمی اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لئے فرانس سے معاونت اور اشتراک کی درخواست کر دی۔

یہ درخواست وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی  سے ملاقات میں کی.

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے فعال ذرائع ابلاغ میں ایک ہزار سے زیادہ اخبارات و جرائد اورایک سو سے زیادہ ٹی وی چینلز کے علاوہ تیزی سے ترقی کرتا ہوا سوشل میڈیا شامل ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے جو جمہوریت، اجتماعیت اور انسانی حقوق کے احترام کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔

ملاقات کے دوران فرانس کے سفیر نے تربیت اور میڈیا وفود کے باہمی تبادلوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان میں صحافیوں کیلئے اے ایف پی کی تکنیکی معاونت اور تربیتی سہولتوں کی پیشکش کی۔

جس کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے پاکستان میں صحافتی اداروں کے اعدادوشمار پیش کئے لیکن ان اداروں سے صحافیوں کو بڑی تعداد میں نکالنے، تنخواہوں میں کٹوتیوں اور تاخیر پر حکومتی خاموشی کا ذکر نہیں کیا گیا.

اس حوالے سے جب صحافی تنظیم دستور کے سینئر رہنما ظاہر خان سے استفسار کیا گیا کہ آپ اس ملاقات کے بعد صحافیوں کی تربیت کے عزم پر مطمئن ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ لکھ کر لے لیں یہ بات محض بات ہی رہے گی عملاً کچھ نہیں ہونا ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.