وزیراعظم کا خالد مقبول صدیقی سے رابطہ، منانے کیلئے اسلام آباد بلا لیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کےناراض کنوینر خالد مقبول صدیقی کو منانے کیلئے اسلام آباد بلا لیا۔
ایم کیوایم کو منانے کے لیے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور کوشش کے باوجود حکمران جماعت کا وفد خالد مقبول صدیقی کو منا نہ پایا.
اب وزیراعظم عمران خان نے خود خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے،خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے متعلق وعدے پورا نہ کرنے پر وزرات چھوڑنے اور کابینہ سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔
ایم کیو ایم کے اعلان کے بعد حکمران جماعت میں بے چینی ہے اسی لئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے رابطہ کرنے پر خالد مقبول صدیقی نے اپنے تحفظات ان کے سامنے رکھے اور کہا کہ ہم سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے.
بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نےایم کیو ایم کے کنوینر کو ملاقات کے لیے اسلام آباد بلا لیا ہے اور انھیں یقین دہانی کرائی کہ تحفظات دور کئے جائیں گے ۔
وزیراعظم عمران خان کا خالد مقبول سے کہنا تھا کہ آپ کے تمام جائز مطالبات پورے ہوں گے اور تمام تحفظات دور کریں گے، ایم کیو ایم حکومتی اتحاد میں رہے گی۔
ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں 7 ارکان ہیں جبکہ سینیٹ میں 5 ہیں۔ ایم کیو ایم کے پاس وفاقی کابینہ میں 2 وزراتیں ہیں جن میں خالد مقبول صدیقی وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سینیٹر فروغ نسیم وفاقی وزیر قانون ہیں۔