اپنے خلاف فیصلے کو نہیں مانتا ، مقابلہ کروں گا، نواز شریف
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) سابق وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ مجھے نکال کر پاکستان سے زیادتی کی گئی جس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھاگنے والے نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب عدالتوں میں ہمارے خلاف کچھ ثابت نہیں کیا جا سکا، مصنوعی ثبوت اکٹھے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
امپائر کے اشاروں پر چلنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، اپنے خلاف ہونے والے فیصلے کو نہیں مانتا۔ مجھے نکال کر پاکستان سے زیادتی کی گئی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے خلاف عدالتی فیصلے کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ اس فیصلے کو نہیں مانتے۔ وہ بھاگنے والے نہیں ہیں بلکہ ڈٹ کر اس کا مقابلہ کریں گے۔
پاکستان کا مستقبل مکمل جمہوریت میں ہے، اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹ کو عزت ملنی چاہیے تمام جمہوریت پسند قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔
اپنی اہلیہ کی صحت بارے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ٹھیک نہیں، ان کا کینسر دوبارہ ظاہر ہو گیا ہے، تاہم وہ ایک بہادر خاتون ہیں جو بیماری کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ میں اپنی اہلیہ سے ملنے جانا چاہتا ہوں لیکن عدالت اجازت نہیں دے رہی۔
سینیٹ الیکشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ایک فراڈ تھا، میں وزیرِ اعظم کے خیالات سے اتفاق کرتا ہوں، چیئرمین سینیٹ کے نام پر گھناوٴنا کھیل کھیلا گیا۔