کراچی،خود کشی کرنےوالے شخص کی جیب سے وزیراعظم کے نام لکھا خط ملا
فوٹو : فائل
کراچی (ویب ڈیسک)غربت اور مہنگائی نے ایک اور شخص کو خود کشی پر مجبور کر دیا، 4 بچوں کے باپ 40 سالہ شخص نے خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر دیا.
موصولہ پولیس رپورٹ کے مطابق متوفی کی عمر لگ بھگ 40 سال تھی اور وہ علاقہ ابراہیم حیدری کا رہائشی تھا مبینہ طور پر شدید مالی مشکلات کے باعث اپنے اہلخانہ کی ضروریات پوری نہ کر پانے پر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق متوفی نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگالی جس کے بعد انہیں ڈاکٹر رُتھ فاؤ سول ہسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ جمعرات کی صبح دوران علاج دم توڑ گیا۔
ابراہیم حیدری تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) رضا سولنگی نے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد متوفی نے پولیس افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس میں اس نے بتایا کہ بیروزگاری اور غربت سے تنگ آکر اپنی زندگی کے خاتمے کا فیصلہ کیا.
متوفی ردی کا کام کرتا اور گدھا گاڑی چلاتا تھا، نجی ٹی وی ڈان نیوز سے گفتگو میں متوفی کے بیٹے بتایا کہ انہوں نے والد سے چند روز قبل اسکول میں پہن کر جانے کے لیے گرم کپڑے خرید کر دینے کا کہا تھا۔
متوفی کی جیب سے وزیر اعظم عمران خان کے پتے پر لکھا گیا ایک خط بھی ملا ہےجس میں انہوں نے لکھا تھا کہ وہ بہت غریب ہیں لہٰذا انہیں روزگار اور گھر فراہم کیا جائے۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ متوفی نے اپنے بھائیوں کو بھی ایک صوفی بزرگ کے مزار پر چھوڑے ہوئے خودکشی سے قبل لکھے جانے والے نوٹ سے متعلق بتایا تھا اور کہا تھا کہ ان کے بھائی وہ نوٹ وہاں سے اٹھا لیں۔
ایس ایچ او رضا سولنگی نے کہا کہ بتائے گئے ایڈریس پر پتہ کیا تھا لیکن پولیس کو خودکشی سے قبل لکھا گیا ایسا کوئی نوٹ نہیں ملا ہے۔