اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے والی سڑک عدالتی حکم پر اکھاڑ دی گئی

0

لاہور( ویب ڈیسک )سپریم کورٹ کے حکم پر سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے سڑک اکھاڑ کر پارک کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کے سامنے پارک کی جگہ پر بنائی جانے والی سڑک کو اکھاڑ دیا جس کے بعد پارک کی دوبارہ تعمیر کے لئے کام بھی شروع کردیا گیاہے۔

سپریم کورٹ نے کل اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے پارک کی جگہ کٹنگ کر کے بنائی جانے والی سڑک کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ پارک کی بحالی کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے پارک کی جگہ سڑک بنانے کے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے کہنے پر سڑک تعمیر کی گئی جس پر چیف جسٹس نے ڈی جی ایل ڈی اے کی سرزنش کی اور 10 روز میں پارک کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیاگیا۔

ادھر برطانیہ میں موجود اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے نے سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی، انہوں نے خود کہا تھا کہ وہ میرے گھر کے سامنے سڑک چوڑی کرنا چاہتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے کو کبھی زبانی حکم نہیں دیا انھوں نے سوال کیا کہ کیا ایل ڈی اے فون پر چلتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.