آمریت کو شکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے، بلاول
گڑھی خدا بخش (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی 12ویں برسی پر پیغام میں کہا ہے کہ آمریت کو شکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے والدہ کی یوم شہادت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو وفاق کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں.
شہید بی بی کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی مگر آصف زرداری نے”پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر ان مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ آمریت کوشکست دینے والی بہادر لیڈر کو عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔انتخابات قریب ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو ملک بھر کے دورے کر رہی تھیں اور لیاقت باغ میں جلسہ اِسی سلسلےکی کڑی تھی۔
یاد رہے اسی روز 3 بجکر 31 منٹ پر بے نظیر بھٹو لیاقت باغ پہنچیں اور عقبی راستے سے اسٹیج پر پہنچیں۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کارکنوں کے پرجوش نعروں کے ساتھ کیا اور ملک کو لاحق دہشت گردی کے خطرات اور چیلنجز کے بارے میں بات کی۔
تقریر کے بعد بے نظیر اسٹیج سے اتر کر اپنے گاڑی کی جانب بڑھیں، 5 بج کر 12 منٹ پر بے نظیر بھٹو کی گاڑی بیرونی دروازے سے باہر آئی اور لیاقت روڈ پر مڑنے لگی۔ جیالوں کا جم غفیر دیکھ کر سابق وزیراعظم اپنی گاڑی کے ہیچ کھول کر باہر آئیں اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔
مگر کون جانتا تھا کہ اسی مجمع میں ایک دہشت گرد بھی موجود ہے، جس نے تقریباً 5 بج کر 14 منٹ پر 2 یا 3 میٹر کے فاصلے سے بے نظیر بھٹو کا نشانہ لے کر تین گولیاں ماریں اور آخری گولی چلانے کے بعد اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔
دھماکے کے بعد اُس مقام پر ایک قیامت برپا ہوگئی۔ افراتفری کے عالم میں بے نظیر بھٹو کو 5 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں اور 6 بج کر 16 منٹ پر ان کی شہادت کی اطلاع آگئی اور پاکستان ایک عظیم سیاسی رہنما سے ہمیشہ کے لیے محروم ہوگیا۔
خیال رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو دہشت گردوں نے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں نشانہ بنایا تھا۔