احسن اقبال گرفتار، بلاول کی نیب، عطاء تارڑا، عظمیٰ بخاری کی ایف آئی اے طلبی

0


فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)احسن اقبال کو نیب نےگرفتارکر لیا، بلاول بھٹو زرداری کی آج نیب طلبی، خورشید شاہ کی رہائی کا فیصلہ معطل، ن لیگ کے رہنماؤں عطاء تارڑ اور عظمیٰ بخاری کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا.

ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو نیب نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس میں بدعنوانی کیس میں گرفتار کیا ہے، خورشید شاہ کی رہائی کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے معطل کیا.

ادھرایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کو جج ویڈیو اسکینڈل میں 30 دسمبر پیر کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ عظمیٰ بخاری ایف آئی اے زونل آفس لاہور میں 4 بجے پیش ہوں، مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری  اِن دنوں لندن میں ہیں۔

ن لیگ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطاءاللہ تارڑ کو بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق انہیں جمعہ 27 دسمبر کو دن 11 بجے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے عطاء تارڑ کو سائبرکرائم ونگ میں درج مقدمے کی تحقیقات میں طلب کیا ہے اور انہیں سائبر کرائم ونگ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج(24 دسمبر) جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کررکھا ہے اور انہیں بطور ڈائریکٹر زرداری گروپ بلایا گیا ہے۔

آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی رہائی سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کیا ہے۔

سکھر کی احتساب عدالت نے 17 دسمبر کو خورشید شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم جج کی رخصت اور مچلکے جمع نہ ہونےکے باعث ان کی فوری رہائی عمل میں نہیں آسکی تھی۔

نیب نے خورشید شاہ کی رہائی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ دیا کہ آئندہ سماعت تک خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.