پشاور، سانحہ آرمی پبلک سکول،شہدا کی آج 5 ویں برسی ہے
فوٹو : فائل
پشاور (زمینی حقائق ڈاٹ کام) آرمی پبلک اسکول پشاور میں ننھی کلیوں کو ملنے کے دلخراش سانحہ کو آج 5 سال بیت گئے والدین کے دلوں میں شہداء بچوں کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
سانحہ اے پی ایس نے ملک سمیت دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کی آنکھوں کو نم کر دیا۔ شہدا میں ایک پرنسپل اور 16 سٹاف ممبرز سمیت 132 طلبہ شامل تھے۔ پانچ سال پورے ہونے کے بعد آج بھی بچھڑنے والوں کا غم اسی طرح تروتازہ ہے۔
پانچ سال قبل 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، سانحہ آرمی پبلک اسکول کا یہ دن زخموں کو کرید کر نکل جاتا ہے.
اس دن پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا اور طلبا سمیت 150 افراد کو بے دردی سے شہید کردیا۔
اس الم ناک حادثے کی پانچویں برسی نے ننھے منے شہید بچوں کے والدین کے زخموں کو پھر سے تازہ کردیا، آنکھوں کے آنسو خشک ہوچکے تھے لیکن بچوں کی پانچویں برسی پر یہ چشمے پھر سے پھوٹ پڑے۔
جن والدین کے بچے بچ گئے وہ بھی اس ہول ناک دن کو فراموش نہیں کرسکے، دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کرکے علم کی شمع بجھانا چاہی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے۔
اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد قوم نے نئے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھانی جو ملک بھر میں جاری تعلیمی سرگرمیاں ملک دشمنوں کو پیغام دے رہی ہیں کہ قوم کےعزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے اسکول کے طلبا اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 150 افراد کو شہید کردیا تھا۔
موت ایک دن آنی ہے جوفرد اس دنیا میں آیا اسے ایک دن موت کا ذائقہ چکھنا ہے مگر بچوں کی موت کے اس واقعہ نے جہاں ان شہدا کو امر کر دیا وہاں قوم کو اپنا وجود منوانے کے لیے ایک تڑپ بھی دی.
آج ملک بھر میں قوم اس دن کو اس عزم کے ساتھ یاد کر رہی ہے کہ وہ دشمن کے ملک وقوم کی طرف بڑھنے والے ہر ہاتھ کو کاٹ کے رکھ دے گی اور اس کا ثبوت اندرون ملک اور بیرون ملک دیا بھی ہے.
ادھرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اے پی ایس میں قتل عام کو بھلایا نہیں جاسکتا، شہدا بچوں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں.
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر آرمی چیف کے پیغام میں کہا کہ واقعہ میں ملوث 5 دہشتگردوں کو عدالتوں سے سزا ئے موت کے بعد پھانسی دی جا چکی ہے.
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بطور قوم طویل سفر طے کیا، ہم متحد ہوکر پاکستان کے پائیدار امن اور خوشحالی کی جانب گامزن ہیں۔