وزیراعظم عمران خان کی برطانوی ہم منصب کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نےبرطانیہ کے وزیراعظم اور کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن کو عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکبا د دی ہے.

ٹویٹر پر تہنیتی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے 
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے اچھے تعلقات کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں ان کے ساتھ کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں’۔

وزیراعظم عمران خان اور بورس جانسن کے درمیان وزیراعظم بننے سے قبل بھی اچھے تعلقات تھے اور جب 2016 میں بورس جانسن برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ کے طور پر اسلام آباد آئے تھے تو اس وقت بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ بورس جانسن نے رواں برس اکتوبر میں بریگزٹ کے حوالے سے قائم ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لیے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کیا تھا اور اپوزیشن کی منظوری کے بعد 12 دسمبر 2019 کو انتخابات طے گئے تھے۔

برطانوی انتخابات میں بورس جانسن کی قیادت میں کنزرویٹو پارٹی نے اب تک موصول نتائج میں واضح برتری حاصل کرلی جہاں 650 اراکین کے پارلیمان میں ان کی پارٹی کو362 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانوی شہریوں نے کنزرویٹو جماعت کی حکومت کو بریگزٹ اور ملک کو متحد کرنے کے لیے ’نیا اور طاقتور مینڈیٹ دیا ہے.

واضح رہے کہ برطانیہ میں 5 سال سے کم عرصے میں یہ تیسرے عام انتخابات ہیں جو 100 برس میں پہلی مرتبہ دسمبر میں ہوئے۔

بورس جانسن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے جن میں جرمنی کی چانلسر اینجیلا مرکل اور یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘بورس جانسن کو اس عظیم کامیابی پر مبارک باد، برطانیہ اور امریکا اب بڑے پیمانے پر نئے کاروباری معاہدے کے لیے آزاد ہیں’۔

روس کے صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ انتخابات جیتنے والی سیاسی طاقتیں کسی بھی ملک میں اپنے نظریے پر آتی ہیں اور دوسرے ممالک سے اچھے تعلقات کا ارادہ رکھتی ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.