مریم نوازباہر جانے کی اجازت مانگنے لاہور ہائی کورٹ چلی گئیں
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) مریم نواز نے یہ کہہ کر اپنا نام ای سی ایل سے ہٹانے کی پٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی ہے کہ میرے والد کی طبیعت تشویش ناک ہے ساتھ رہنا چاہتی ہوں.
مریم نواز نے پٹیشن میں 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان 6 ہفتوں کا وقت بیرون ملک روانگی کے دن سے شروع کیا جائے۔
مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے امجد پرویز ملک ایڈوکیٹ کے توسط سے پٹیشن دائر کی ہے جس میں وفاق، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سیل، چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
مریم نواز کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ والد نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے، میرا ان کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے، انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے پر سخت ذہنی دباؤ میں ہوں۔
درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنےکا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور اُنہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دئیے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے کے لیے ایک بار کی اجازت دی جائے اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع پاسپورٹ بھی واپس دیا جائے۔