وزیراعظم کی نجی دورے میں امریکی نائب صدر سے لاحاصل ملاقات، نیا ،ڈو مور ،لے لیا
فائل فوٹو
واشنگٹن(ویب ڈیسک )نجی دورے پر امریکہ جانے والے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات تو ہو گئی مگرملاقات میں امریکی نائب صدر نے وزیراعظم سے ’ڈو مور‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف کیے گئے اقدامات ناکافی قرار دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ملاقات کے بعد وائٹ ہاوٴس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیغام پہنچاتے ہوئے طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لیے مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
مائیک پینس نے کہا کہ پاکستان کو اس سلسلے میں امریکا سے گہرا تعاون کرنا چاہیے اور پاکستان یہ کام کرسکتا ہے۔وائٹ ہاوس کے اعلامیہ میں کہاگیا کہ اسلام آباد نے تاحال طالبان کی حمایت ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، کیونکہ ملک کا طاقتور حساس ادارہ انہیں افغانستان میں اپنے مفادات کے تحفظ اور بھارت کے بڑھتے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکا پہنچے ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ شب امریکی نائب صدر پینس سے ملاقات کی۔ دنوں رہنماوٴں کے درمیان 30 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔