آرمی چیف کی مدت ملازمت کی توسیع پر آج عدالتی مہر تصدیق ثبت ہونیکا امکان
اسلام آباد(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں آج پھر ہوگی، توسیع پر مہر تصدیق ثبت ہونے کا امکان ہے.
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں مزید تین سال کی توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے دوٹوک الفاظ میں بتایا کہ پاکستان آرمی سے متعلق کسی قانون میں آرمی چیف کی دوبارہ تقرری یا توسیع کی شق موجود نہیں۔
سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع و تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزارت دفاع اور وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کیے جانے کے بعد وفاقی کابینہ کے بعد ہنگامی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع و تقرری کی نئی سمری متفقہ طور پر منظور کی گئی.
نئی سمری میں ان تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے جن کی کل عدالت نے نشاندہی کی تھی، آج کی سماعت کے بعد امکان ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر عدالتی مہر تصدیق بھی ثبت ہو جائے گی.