نیدرلینڈ کی ملکہ میکسما کا وزارت خارجہ کا دورہ، وزیر خارجہ سے ملاقات

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک )پاکستان کے دورے پر آئی نیدرلینڈ کی ملکہ میکسما نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی بحالی اور سماجی معاشی ترقی کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیدرلینڈ کی ملکہ مکسیما نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں پاکستان میں دیرپا اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیدرلینڈ کی ملکہ میکسما اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں پاکستانی عوام کی اقتصادی بحالی، سماجی اور معاشی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا آج دنیا بھر میں ‏پاکستان کی شناخت ایک پرامن ملک کے طور پر ہو رہی ہے۔ پاکستان، نیدرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بہت سی ڈچ کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا فریقین کا قابل تجدید توانائی، زراعت اور ہارٹی کلچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اقتصادی اور ثقافتی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر دنیا کی توجہ پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر مواقعوں کی طرف دلا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا ہماری حکومت سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے یورپ میں اسلاموفوبیا اور مذہبی منافرت کے حالیہ واقعات پر پاکستان کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ملکہ میکسما پاکستان کا یہ تین روزہ دورہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی برائے اقتصادی ترقی کے طور پر کر رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.