مقبوضہ کشمیر میں مسلم ممالک کے ٹی وی چینلز دکھانے پر پابندی

0


فوٹو: فائل

سری نگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے مظالم چھپانے کیلئے بھارتی حکومت نے پاکستان سمیت کئی مسلم ممالک کے ٹی وی چینلز کی نشریات دکھانے پر پابندی لگا دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے مقبوضہ کشمیر میں کیبل آپریٹرز کو پاکستان، ترکی، ملائیشیا، سعودی عرب اور ایران کے چینلز کو نشر کرنے سے روک دیا ہے۔ اس کیلئے یہ بھونڈا جواز پیش کیا کہ وادی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایسا کیا جارہا ہے۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری وکرم سہائے نے کیبل آپریٹروں سے کہا ہے کہ مسلم ممالک خصوصا ایران، ترکی اور ملائیشیا کے چینلز نشر کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

جن چینلز پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں سعودی عرب کے العربیہ چینل، ترکی کا ٹی آر ٹی، ایران کا سحر ٹی وی اور پریس ٹی وی شامل ہیں، ملائیشین چینلز نشر نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے بھارت نے رواں سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے جس کے بعد سے وہاں حالات خراب ہیں اور تب سے لے کر تاحال کرفیو نافذہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترکی اور ملائیشیا نے ڈٹ کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی تھی جس کے بعد سے بھارت کے ان ممالک سے تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.