نواز شریف کی جان عزیزہے، انھیں باہر جاناچائیے، وزیراعظم
فوٹو :فائل
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ، حکومت نے شریف فیملی سے کون سے پیسے مانگ لیے ہیں؟ ان کی جانب سے ضمانتی بانڈ نہ دینے کی منطق سمجھ سے بالا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افسوس ہے شریف خاندان نواز شریف کے علاج کے بجائے ان کی صحت پر سیاست کر رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف کی جگہ میں ہوتا تو کسی بھی قسم کی گارنٹی دے کر اپنے بھائی کا علاج کرواتا لیکن لگتا ہے شریف خاندان نواز شریف کی صحت پر اپنی سیاست چمکا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا شریف خاندان عدالت سے ریلیف لینا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، وہ عدالت کے فیصلے کو من و عن تسلیم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف بیمار ہیں اور ان کو بہتر علاج کے لیے باہر جانا چاہیے، میری نظر میں نواز شریف کی جان زیادہ عزیز ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے، حکومت نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے قانون میں لچک ڈھونڈی ہے۔
اس موقع پر ایک بار پھروزیر اعظم نے حکومتی ترجمانوں کو نواز شریف کی صحت پر بیان بازی سے اجتناب کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ کسی بھی انسان کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے اس پر منفی بیان بازی نہیں ہونی چایئے۔
خیال رہے کہ 13 نومبر کو وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نواز شریف کو علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔
نواز شریف کی بیرون ملک روانگی مشروط کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا تھا کہ نواز شریف یا شہباز شریف 7 یا ساڑھے 7 ارب روپے کے پیشگی ازالہ بانڈ جمع کرادیتے ہیں تو وہ چار ہفتے کیلئے باہر جاسکتے ہیں اور اس وقت میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔
مسلم لیگ ن نے مشروط اجازت کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے آج یہ درخواست قابل سماعت قرار دی کل سماعت ہوگی۔