بڑا خسارا ملا تھا معاشی ٹیم نے معاملات سنبھال لئے، وزیراعظم

0


اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا آج معیشت مستحکم ہے اور بغیر کسی سپورٹ کے روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے، اسٹاک مارکیت مثبت ہے اور معاشی اشاریے ٹھیک ہورہے ہیں۔

وزیراعظم آج اسلام آباد میں ہوا سے تین سو دس میگاواٹ بجلی پیداوار کے سپر 6 منصوبوں کی دستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ ہماری حکومت کوجتنے بڑے خسارے کا سامنا کرنا پڑے اس سے پہلے کبھی کسی حکومت کو اتنا خسارہ نہیں ملا ہے لیکن ہماری معاشی ٹیم نے کافی حد تک معاملات سنبھال لئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بعد اپنی معاشی ٹیم کا مشکور ہوں جس نے ہمیں بہت مشکل وقت سے نکالا، ہمارا پہلا سال بہت مشکل تھا، ہمیں بہت بڑے کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کا سامنا تھا، لیکن میری معاشی ٹیم نے محنت سے مشکل وقت نکالا جس سے معیشت مستحکم ہوگئی۔

عمران خان نے کہا ہمارا خسارہ کم اور برآمدات بڑھ رہی ہیں، اب ہماری سمت درست ہے، اب ہم ے آگے بڑھنا ہے اور معیشت کو چلانا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم جو بھی کریں اس سے عام آدمی کی زندگی کیسے بہتر ہو اور ان کے مشکل وقت کو کیسے نکالیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ چین کا تین بار دورہ کیا اور ان کے وزرا سمیت تھینک ٹینک سے ملاقات کی، چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین کی پالیسیاں طویل مدتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمی شارٹ ٹرم پلاننگ ہے، ہم پانچ سال کے بعد الیکشن جیتنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے لیے شارٹ ٹرم پلاننگ کرتے ہیں اور ہمارے درمیان اور چین میں یہی بڑا فرق ہے، ان کی طویل پلاننگ بہت آگے تک ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا آج ہم سب سے بڑے مسئلے مہنگی بجلی میں پڑے ہوئے ہیں، ہم مہنگی بجلی بنارہے ہیں، اس کی وجہ کم مدتی منصوبہ بندی ہے، ہم نے نہیں سوچا کہ دولت کیسے اکٹھا کریں گے، ایسے ملک کبھی اوپر کیسے جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.