سندھ ، آسمانی بجلی گرنے سے مختلف علاقوں میں24افراد جاں بحق

0


فوٹو: فائل

حیدر آباد(ویب ڈیسک ) سندھ کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 24 افراد جاں بحق اور متعدد مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔

آسمانی بجلی تھرپارکر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں جانی نقصان کا باعث بنی ہے، سب سے زیادہ نقصان تھر پارکر میں ہو نے کی اطلاعات ہیں۔
تھرپار کر میں گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں ڈابھی، ڈیپلو، چھاچھرو، میگھے جوتڑ، اکیلو بھیل، مٹھڑاوٴ آریسر، گاوٴں چچھی، مورا اور رام سینگھانی میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات واقع ہوئی ہیں۔

تھر پارکر میں اسمانی بجلی کے حادثات میں 4 خواتین سمیت 21 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ چالیس سے زیادہ مویشی بھی ہلاک ہو ئے ہیں۔

آسمانی بجلی سے جیکب آباد میں 2 جب کہ گھوٹکی میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے ، ناگہانی آفت میں لوگوں کی اموات کے بعد ان علاقوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

تھر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جب کہ بعض علاقوں میں ژ الہ باری کی بھی اطلاعات ہیں جس سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر تھر پارکر نے شدید بارشوں کے باعث ضلع میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں تاکہ امدادی سرگرمیاں ممکن بنائی جاسکیں اس کے علاوہ متاثرین کی مدد بھی کی جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.