رائے ونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع شروع ہو گیا
لاہور(ویب ڈیسک)سالانہ تبلیغی اجتماع رائے ونڈ میں شروع ہو گیا اجتماع میں دنیا بھر سے لاکھوں افراد شرکت کررہے ہیں جو کہ 3نومبرتک جاری رہے گا
یہ سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ ہے جو 31 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گا،رائے ونڈ کے وسیع و عریض پنڈال میں 10 سے 15 لاکھ افراد کی گنجائش ہے، اجتماع گاہ میں شہروں کی مناسبت سے حلقہ بندیاں بھی کی گئی ہیں۔
پنڈال کی سکیورٹی کے فرائض تبلیغی جماعت کے ہزاروں رضا کار انجام دے رہے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور اسپیشل ریزرو فورس کا پہرہ ہے۔
ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اجتماع میں شریک لوگوں کیلئے عارضی اسپتال اور فری ڈسپنسریز کے علاوہ ٹریفک کی روانی کا خصوصی پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، اجتماع کا اختتام اتوار کو اجتماعی دعا سے ہوگا۔
اختتامی دعا میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اجتماعی دعا میں ملکی سلامتی، خوشحالی اور دین کی سربلندی اور پھیلاوٴ کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
اجتماعی دعا کے ساتھ ہی اجتماع کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا اور جس کے بعد جماعتوں کی تشکیل دی جائے گی جو تبلیغ کے لئے دنیا کے مختلف حصوں میں نکل جائیں گی۔
تبلیغی اجتماع میں انتظامات کو بہتر رکھنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کیلئے دو مرحلوں میں اجتماع ہو تا ہے سالانہ تبلیغی اجتماع کا اگلا مرحلہ آئندہ جمعرات سے شروع ہوگا اور اس کی اتوار 10نومبر کو اجتماعی دعا ہو گی۔