مقبوضہ کشمیر کو آج بھارت تقسیم کرے گا، پاکستانی عوام کو آزادی مارچ

0


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)مقبوضہ کشمیر قبضے کے بعد آج باضابطہ تقسیم ہونے جارہاہے اور پاکستان میں آزادی مارچ کے شور تلے کشمیریوں کی آوازیں دبتی جارہی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں آج ایک اور سیاہ ترین دن ہے کیونکہ ریاست کو 2 حصوں جموں و کشمیر اور لداخ میں باضابطہ طور تقسیم کی جارہی ہے اور پانچ اگست 2019کو بھارت کے شیطانی منصوبے کو ایک قدم اور آگے بڑھنا ہے۔

نریندرا مودی کی بھارتی سرکار 5 اگست کے سیاہ فیصلے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے دوسرے مرحلے کے تحت آج سے جموں و کشمیر اور لداخ کو دو حصوں میں تقسیم کرکے بھارتی قوانین نافذ کر رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض حکومت کے نئے قوانین کے تحت دیگر ریاستوں کے ہندو شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے اور مستقل رہائش کا حق حاصل ہوگیا ہے۔

بھارتی حکومت نے آج کسی متوقع کشیدگی کے پیش نظر ہوائی اڈوں اورریلوے اسٹیشنز پرہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور وادی میں دفعہ144کا نفاذ بھی کیا جارہا ہے۔

بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کے لیے گریش چندر اور لداخ کیلیے آر کے ماتھر کو گورنر تعینات کیا ہے،یاد رہے، 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 87 روز سے فوجی محاصرہ ہے اور مواصلاتی ذرائع بھی معطل ہیں۔

دوسری طرف پاکستان میں جب کشمیر کو پاکستان کی انتہائی توجہ کی ضرورت تھی جے یو آئی ف کی قیادت میں اپوزیشن نے آزادی مارچ کے نام پر خود کو بھی تقسیم کردیااور حکومت کی ساری توجہ بھی اپنی طرف مبذول کرا رکھی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی متاثر کن تقریر کے بعد پاکستان بھی سفارتی سطح پر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کے آگے رکاوٹ ڈالنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.