مولانا فضل الرحمان پر جان لیوا حملہ ہو سکتا ہے، تھریٹ الرٹ جاری
لاہور(ویب ڈیسک) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر جان لیوا حملہ ہو سکتا ہے محکمہ داخلہ نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔
اس حوالے سے جیونیوز میں کہا گیا ہے کہ پروونشل انٹیلی جنس سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس سے حکومت پنجاب کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ اور افغان ایجنسی ’این ڈی ایس‘ جان لیوا حملہ کرسکتے ہیں۔
تھریٹ الرٹ میں بتایا گیا ہےکہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ نے ٹارگٹ کلرز سے رابطہ کر لیا ہے جب کہ سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
دوسری طرف جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ جاری ہے اور قافلہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پنجاب میں داخل ہوچکا ہے۔
آزادی مارچ کا قافلہ اتوار کو کراچی سے روانہ ہوا تھا جہاں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے، اس دوران مولانا اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے افتتاحی جلسے سے خطاب بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے جہاں معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان تقاریر میں حکمرانوں کو عوامی سیلاب میں بہا لینے کابھی دعویٰ کر رہے ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کی پاسداری کا بھی کہہ رہے ہیں.