عوام کو لوٹنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے،چیئرمین نیب
کراچی(ویب ڈیسک ) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں، جو سمجھتے تھے انہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا آج جیلوں میں ہیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا عوام کو لوٹنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکتے، غریب عوام کو لوٹنے والے مافیا کے اختتام کا وقت قریب ہے.
انھوں نے کہا کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں، غریب کی لوٹی دولت واپس کرنا ہوگی، غریب عوام کی خواہشات کو بیچنے والے سمجھتے ہیں بری الذمہ ہوگئے، ہمارے راستے میں جو بھی رکاوٹ آئی اسے عبور کریں گے۔
چیئرمین نیب نے کہا وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے کرپشن ختم ہو جائے گی، جہاں وسائل کم تھے وہاں بھی لوٹ مار کی گئی، کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام کے تعاون کی بھی ضرورت ہے، کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں، چند ماہ میں 4 ارب کی ریکوری صرف سندھ سے کی.
سب سے پہلے اپنے گھر کو صاف کرنا مقصود تھا، نیب میں کسی قسم کی کرپشن کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔جس حساب سے ڈکیتیاں ماری گئیں لگتا ہے لوگوں کو آخرت بھول گئی ہے.