پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کا کشمیریوں کی مسلسل حمایت کا شکریہ، علی گیلانی
سری نگر(ویب ڈیسک) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی حکومت ، فوجی قیادت اور پاکستانی عوام کا شکریہ اداکیا ہے۔
اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا سری نگر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ مؤثر اور بھرپور انداز سے دنیا کے سامنے لانے پر وزیراعظم عمران خان کے ممنون ہیں.
علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے عمل میں تیزی لائیں تاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا ادراک ہوسکے.
بزرگ حریت رہنما نے کہا کہ دنیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محصور لوگوں کیلئے صرف بیانات کافی نہیں، اب وقت آگیا ہے اقوام عالم بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔
انھوں نے کہا کشمیری بھارت کے شیطانی ہتھکنڈوں اور بھارتی فوج کے جبری تسلط کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، جبری پابندیوں سے بھارت نے کشمیریوں کا عزم مزید مضبوط کر دیا ہے۔
بیان میں سید علی گیلانی کی طرف سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کشمیری آخری سانس تک حقوق کی جنگ لڑیں گے، کشمیریوں پرعائد تمام تر پابندیوں اور مظالم کے باوجود بھارت کی شکست وادی کی دیواروں پر لکھی ہے۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون سروس اور انٹرنیٹ بند ہے جبکہ گزشتہ روز عارضی طور پر موبائل فون سروس کچھ علاقوں میں بحال کی گئی تھی۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پوری دنیا کو آگاہ کیا گیا تھا۔