وزیراعظم عمران خان نے ایران سعودیہ کشیدگی کم کرنے کی کوششیں تیز کردیں
وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب،ایران میں ثالثی کی کوششیں شروع کردی ہے ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اتوارکوایرانی صدرحسن روحانی سےملاقات ہوگی.
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کی قیادت سے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی پیشرفت پربات کریں گے۔
عمران خان سعودی عرب میں فیوچرسرمایہ کاری انیشی ایٹو میں شریک ہوں گے، وزیراعظم کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت سعودی فرمانروا نے دی ہے، سرمایہ کاری سمٹ 29 سے 31 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہوگی.
بھارت کے وزیراعظم کو بھی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق اہم مسلم لیڈرممالک میں کشیدگی اور تناؤختم کرنےکےخواہاں ہیں، ایران نےثالثی قبول کرکےتناؤکم کرنے کا عندیہ دیاہے۔
یاد رہے پاکستان سعودی عرب اور ایران کشیدگی میں ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے، سعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان نےوزیراعظم سےثالثی کیلئے کہا تھا جبکہ پاکستان ماضی میں بھی سعودی،ایران تناؤختم کرنےکیلئےکئی بارکوششیں کرچکا ہے۔
ادھر امریکی اخبار نے بھی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان خفیہ مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے، مذاکرات اگرچہ بالواسطہ ہیں لیکن اس کے باوجود اسے شاندار پیشرفت کہا جاسکتا ہے۔