وزیراعظم عمران خان 3روزہ دورے پر چین روانہ

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے،چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات سمیت اہم مصروفیات شامل ہیں۔

دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اس حوالے سے ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان حالیہ دورے میں چینی صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان زرعی، صنعتی اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں میں توسیع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے چائنہ پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے اور چینی انٹرپرینیورز سمیت مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے سربراہان دو طرفہ کاروبار اور تجارت میں مزید اضافے کے لیے چین، پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے فوری عملدرآمد پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر تمام پاکستانی زرعی مصنوعات جیسے چاول، گندم، مکئی، سویابین، چینی اور تمباکو کے کوٹے کے خاتمے پر غور کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا تیسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل انہوں نے رواں برس اپریل میں چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔

اس دوران عمران خان نے بیجنگ میں ’دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم‘ میں شرکت کی تھی۔

دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی کئی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی وزیراعظم نے چین کا دورہ کیا تھا، جس میں سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے اپنے چینی ہم منصب سے امدادی پیکج کی تفصیلات طے کرنے کے لیے بات کی تھی۔

دونوں ممالک نے 15 سمجھوتوں اور اقتصادی تعاون، تجارت اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں اپنے دورہ چین کے حوالے سے ا?گاہ کیا تھا کہ بیجنگ نے اسلام آباد کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور پاکستان کو ا?نے والے وقت میں اس کے ثمرات ملیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.