کوئی بھی پاکستانی شناختی کارڈ دکھا کر قومی اسمبلی کی کارروائی دیکھ سکے گا

0

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) قومی اسمبلی کی کارروائی دیکھنے کےلئے اب ارکان اسمبلی کے پاسز یا سکیورٹی کے پیچیدہ عمل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہے شناختی کارڈ دکھائیں اورایوان میں خود دیکھیں قانون ساز کرتے کیا ہے.

یہ اعلان اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی کو عوام کے لیے کھولنے کےلئے کیا ہے.

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر عام آدمی کی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی تک رسائی کے لیے ایک گیلری اور استقبالیہ کا آج افتتاح بھی کریں گے۔

اسپیکر کے اعلان کے بعد اب ملک بھر سے کوئی بھی پاکستانی اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھ سکے گا۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ یہ ایوان عوام کے ووٹوں سے وجود میں آتا ہے اور اس تک عام آدمی کی رسائی عوام کا حق ہے۔

انہوں نے کہا ایوان کی کارروائی تک عام پاکستانی کو رسائی دینے کا مقصد عوام کو اپنے منتخب نمائندوں سے رابطوں میں آسانی پیدا کرنا ہے لہٰذا ملک بھر سے کوئی بھی پاکستانی اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھ سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں ایوان بالا اور ایوان زیریں پاکستانی عوام کے تمام حقوق کے ضامن ہیں یہی وجہ ہے کہ ایوانوں میں موجود منتخب نمائندے عوام کی نمائندگی کو احسن انداز میں ادا کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کی کارروائی دیکھنے کے لئے سکیورٹی کے پیچیدہ عمل سے گزرنا پڑتا تھا تاہم اس بار ایک اور گیلری کو نئے مہمانوں کے لیے کھولا جارہا ہے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.