مسئلہ کشمیر، عمران خان نے کسی ایک ملک کا بھی دورہ نہیں کیا، احسن اقبال

0

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہےاگر حکومت کشمیر کے مسئلہ پر قومی اتفاق رائے سے قدم اٹھاتی ہے تو اپوزیشن دو قدم آگے ہوگی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیےعمران خان نے کسی ایک ملک کا دورہ نہیں کیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے کہا کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں اجاگر کرنا خوش آئند ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سخت سفارت کاری کی ضرورت ہے، دیکھنا ہو گا کہ جتنے زور سے تقریر کی گئی اس کا نتیجہ کیا نکلتا ہے۔

سیکرٹری جنرل (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان تقریر کے ماہر ہیں، حکومت سے پہلے عمران خان کی تقریریں بہت شاندار تھیں، انہوں نے مینار پاکستان پر بھی اچھی تقریر کی تھی مگر یوٹرن بھی لیے.

انہوں نے کہا تھا سادہ زندگی گزاروں گا، آئی ایم ایف سے کبھی قرضہ نہیں لوں گا لیکن انہوں نے ایک ایک کرکے ہر بات پر یوٹرن لیا، امید کرتے ہیں کہ عمران خان اقوام متحدہ کی تقریر پر قائم رہیں گے۔

احسن اقبال نے کہا معیشت دن بدن بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، ایک سال میں افراط زر بے پناہ بڑھ چکا اور 10 ہزار ارب سے زائد قرضے لئے جا چکے ہیں، ہم ملک کو دلدل سے بھی نکالنا چاہتے ہیں لیکن جمہوریت کے سفر کو بھی یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ میں شرکت کی حامی ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں تاکہ حکومت کو گھر بھیج سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.