سیالکورٹ ائیرپورٹ پر برطانوی جوڑے سے 38 کروڑ روپے کی ہیروئین برآمد
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سیالکورٹ ائیرپورٹ پر برطانوی جوڑے سے کپڑوں میں چھائی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 25 کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
یہ خبر برطانوی جریدے ڈیلی میل نے دی ہے، رپورٹ کے مطابق یوکشائر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ محمد طاہر ایاز اور ان کی 20 سالہ اہلیہ اقراء حسین کو سیالکوٹ انٹرنیشل ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا جن کے سامان سے اعلیٰ کوالٹی کی 25 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے ہیروئن خاتون کے سامان سے برآمد کی جو انہوں نے کپڑوں میں چھپا رکھی تھی۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق برطانوی جوڑا پاکستان سے براستہ دبئی لندن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جوڑے کو پہلے امارات ائیرلائن کی پرواز ای کے 621 سے دبئی اور پھر وہاں سے لندن روانہ ہونا تھا۔
اے ایس ایف حکام نے جوڑے کو فوری طور پر حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف کیس دائر کر دیا ہے اور دونوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اے ایس ایف کی جانب سے ملزمان اور برآمد ہونے والی ہیروئن کو انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔برآمد ہونے والی ہیروئن کی قیمت 20 لاکھ پاؤنڈز ہے جو پاکستانی روپوں میں 38 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ہیروئن اسمگلنگ کا یہ اب تک پیش آنے والے بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔
x