جنرل اسمبلی خطاب سے قبل سعودی قیادت کو کشمیر پر آگاہ کرنے آیا ہوں، عمران خان
ریاض (شاہ جہاں شیرازی،ابرار تنولی )وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی غلط پالیسیوں اور نہتے کشمیریوں پرظلم و بربریت سے آج مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی ایشو بن چکا ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں دو روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران جدہ میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں سے خطاب اور بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
عمران خان نے کہا ہمارے کشمیری بھائی مشکل صورت حال سے گزررہے ہیں کشمیر ایشو پر پوری دنیا ہماری بیانئے کو مان چکی ہے.
او آئی سی نے کشمیر میں جاری ظلم اور کشمیری کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کی مودی سرکار کی کوششوں کے خلاف ہماری حمایت کی ہے اب اقوام متحدہ میں بھی مسئلہ کشمیر کوبھر پور ر انداز میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ا ن کے سعودی عرب کے دورے کا مقصداقوام متحدہ میں جانے سے پہلے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑی ہوئی صورتحال, وہاں جاری کرفیو اور مودی سرکاری کی کشمیری عوام پر ظلم و ستم سے آگاہ کرنا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا کہ آج پاک سعودی تعلقات ایک نئے سطح پر پہنچ گئے ہیں اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان اور پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی ہے اور مسئلہ کشمیر سمیت ہر ایشو پر پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت ورثے میں ملی ہے اور ہر شعبے میں کافی مشکلات اور روکاوٹوں کا سامنا رہا۔
ہمار ی حکومت ملک ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور معیشیت کو سہارا دینے کے لئے مصروقف عمل ہے اور ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے بیرون ملک پاکستانی ملک کی معیشیت کو سہارا دینے کے لئے ملک میں نہ صرف خودسرمایہ کاری کریں بلکہ دوسرے ملکوں کی شہریوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔