افغان فورسز کا اپنے ہی شہریوں پر ڈرون حملہ، 30 شہری ہلاک، 40 زخمی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) افغان فورسز نے افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں اپنے ہی شہریوں پر ڈرون حملہ کر دیا جس میں 30 شہری ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
اس حوالے سے عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ افغان فورسز نے صوبہ ننگر ہار کے ضلع خوگیانی میں امریکی فورسز کی مدد سے ڈرون حملہ کیا جس کی زد میں آکر 30 شہری ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق افغان فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانا چاہتی تھیں تاہم حملے کی زد میں فصلوں میں کام کرتے کسان آگئے، کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
افغان وزارت دفاع نے ڈرون حملے کی تصدیق اور واقعے سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کر دیا جب کہ گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ابھی 9 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
حملے میں اپنے شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق افغانستان میں موجود امریکی فورسز نے کارروائی پر تاحال کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا ہے۔