جاوید شیخ، ہمایوں سعید، شہزاد رائے،فنکاروں کی شرکت، شاہد آفریدی کاجذباتی خطاب
مظفر آباد(زمینی حقائق ) پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے مظفرآباد جلسہ سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر میرے خون میں شامل ہے، ہم کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
شاہد آفریدی، جاوید شیخ، ہمایوں سعید، شہزاد رائے اور دیگر فنکار بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظفر آباد جلسے میں پہنچے۔
اس موقع پر گلوکار فاخر اور ساحر علی بگا نے اپنے مشہور نغمے گا کر شرکا کا خوب لہو گرمایا۔ اداکارہ حریم فاروق اور مایا علی خان بھی توجہ نگاہ رہیں۔
شاہد آفریدی نے بھارت کو للکارتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ کشمیر میرے خون میں ہے۔ جہاں بھی دنیا میں ظلم ہوتا ہے پاکستانی آواز اٹھاتے ہیں۔ ہم کشمیریوں کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ صرف مسلمانوں پر ہی دنیا میں ظلم کیوں ہو رہا ہے؟ جب تک ہم ایک قوم نہیں بنیں گے، دنیا ایسے ہی ظلم کرتی رہے گی۔
اس موقع پر جاوید شیخ، ہمایوں سعید اور شہزاد رائے نے بھی مظلوم کشمیریوں کو یکجہتی کا پیغام دیا۔ جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہر طرف قومی اور آزاد کشمیر کے پرچموں کی بہار رہی۔