طالبان سے امن معاہدے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے،زلمے خلیل زاد
کابل (ویب ڈیسک)افغانستان کے لیےامریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان سے افغانستان میں امن کیلئے معاہدے پراصولی اتفاق ہوگیا ہے تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری تک یہ معاہدہ حتمی نہیں ہے۔
کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےزلمے خلیل زاد نے کہا کہ طالبان رہنماؤں سے افغانستان میں امن کیلئے معاہدے پراصولی اتفاق ہوگیا ہے۔
معاہدے کے مطابق طالبان کے زیرتسلط علاقے امریکا کےخلاف حملے میں استعمال نہیں ہوں گے، طالبان بھی افغانستان میں غیر ملکی فوج میں کمی کی تجویز پر رضامند ہوگئے ہیں۔
زلمے خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ طالبان سے امن معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، امید ہے کہ طالبان سے امن معاہدہ افغانستان میں جنگ بندی کا باعث بنے گا۔
ایک سوال کے جواب میں امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری تک معاہدے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
افغان صدر اشرف غنی کو معاہدے کی کاپی فراہم کردی گئی ہے، افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے معاہدے پربات ہوگی۔
اس سے قبل افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں جاری امریکا طالبان مذاکرات میں فریقین میں کچھ معاملات پر اتفاق ہوا ہے، افغان میڈیا کے مطابق مذاکرات مثبت سمت کی جانب جا رہے ہیں تاہم کچھ معاملات پر ابھی بھی رکاوٹ موجود ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ طے کرنے لیے قطر میں گیارہ دن سے جاری امریکا طالبان مذاکرات میں جمعے کو ایک دن کا وقفہ کیا گیا تھا۔