بھارتی کوشش ناکام، کشمیرپر چین کا اصولی مؤقف برقرار
بیجنگ (ویب ڈیسک )چین کا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کے حوالے سے اصولی مؤقف ہے چین نے بھارت کو آگاہ کردیا اور بھارتی وزیر خارجہ چینی ہم منصب کو قاہل کرنے میں ناکام رہے۔
اس حوالے سےچینی خبر رساں ایجنسی شنہوا نے خبر دی ہے کہ بھارتی وزیر برائے خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
چینی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کمشیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کے حوالے سے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے چین کا مؤقف اصولی ہے، امید ہے بھارت خطے کے امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے وضاحت کی کہ بھارت تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سرحد پر امن برقرار رکھنے کے حوالے سے چین کے ساتھ ہونے والی مفاہمت پر کاربند رہے گا اور تمام سرحدی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک رواں برس چینی صدر اور نریندر مودی کے درمیان غیر رسمی ملاقات کا خواہاں ہے اور اس ملاقات کو کامیاب بنانا چاہتا ہے۔
یاد رہے چین مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا خواہاں ہے جب لداخ کے معاملے پر بھارتی اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔
چین کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام پر مؤقف
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوینگ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پرکشیدگی اور آرٹیکل 370 کو ختم کرنے سے متعلق سوالات پر تحریری جواب میں کہا کہ چین کو کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ‘شدید تشویش’ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین نے سرحدی علاقے میں بھارتی مداخلت کی ہمیشہ مخالفت کی ہے اور اس بارے میں ہمارا مؤقف واضح اور مستقل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنا قانون یکطرفہ تبدیل کرکے ہماری خودمختاری کو نقصان پہنچایا، ایسے اقدامات ناقابل قبول اور کبھی قابل عمل نہیں ہوسکتے۔
ترجمان کے مطابق بھارت سرحدی معاملات پر بیان اور عمل میں ہوشمندی کا مظاہرہ کرے اور بھارت چین سے کیے گئے معاہدوں پر قائم رہے، بھارت ایسے کسی بھی عمل سے باز رہےجو سرحدی امور کو مزید مشکل بنادے۔