سینیٹ میں فاتح کون ؟ چیئرمین سینیٹ وڈپٹی کو ہٹانے پر رائے شماری آج ہوگی

0

اسلام آباد(زمینی حقائق )آج سینیٹ اپنی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو عہدوں سے ہٹانے کی قراردادوں پر رائے شماری کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پیش کی جاچکی ہے جس کے جواب میں حکومت اور ان کے اتحادیوں نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادہی ہوہی ہے۔ 

اپوزیشن نے صادق سنجرانی کی جگہ بلوچستان سے ہی تعلق رکھنے والےمیر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بلائے گئے ایوان بالا کے اس خصوصی اجلاس کی صدارت بیرسٹر سیف علی کریں گے اور وہ پریزائیڈنگ افسر کے بھی فرائض سرانجام دیں گے۔

چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پیش ہونے پر 26 ارکان کو اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر حمایت میں ووٹ دینا ہوگا۔

چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ کیلئے بیلٹ پیپرز میں 2 خانے ہوں گے جس میں سے پہلے خانے میں’کیاآپ قرارداد کےحق میں ہیں ؟‘ درج ہوگا جبکہ دوسرے خانے میں کیا آپ قرارداد کے مخالف ہیں؟ درج ہوگا۔

سینیٹ میں قرارداد کے محرک 15 منٹ تک بحث کر سکیں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ کو 30 منٹ تک بولنے کی اجازت ہوگی۔

اس کے بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ ہوگی۔

اگر قرارداد کے حق میں 53 یا زیادہ ووٹ آئے تو چیئرمین سینٹ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا بصورت دیگر چیئرمین سینیٹ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو ہٹانے کی تحریک پیش ہونے کے بعد یہی تمام عمل دہرایا جائے گا۔

چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کی نشستیں خالی ہونے کی صورت میں 7 روز میں نئے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن پرامید ہےکہ وہ کامیاب ہو گی دوسری طرف حکومت کا دعوی ہے کہ سنجرانی برقرار رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.