رویت ہلا ل کمیٹی غیر فعال ہوگئی، چاند دیکھنے کیلئے کمیٹی قائم
اسلام آباد(زمینی حقائق) چاند دیکھنے کیلئے حکومت نے پانچ رکنی کمیٹی بنا دی جو آئندہ پانچ سالو ں کیلئے چاند کا تعین کرے گی، رویت ہلال کمیٹی غیر فعال ہو گئی۔
وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی کمیٹی آئندہ 5 سال کے لیے چاند کی تاریخوں کا 100 فیصد حقیقی تعین کرے گی۔
حکومت نے عیدین ، رمضان اور دیگر قمری مہینوں کا چاند دیکھنے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا ، وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا رویت ہلال کیلئے وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
یہ کمیٹی آئندہ 5سال کیلئے قمری مہینوں کی درست تاریخیں طے کریگی، جوائنٹ سائنٹیفک ایڈوائزرطارق مسعود کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
اس کمیٹی کے دیگر ارکان میں محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم فیصل، ابو نسان، وقار احمد اور اسپارکو سے غلام مرتضی شامل ہیں۔
کمیٹی آئندہ 5 سال کیلیے عیدین ، محرم اور رمضان سمیت دیگر چاند کی تاریخوں کا 100فیصد حقیقی تعین کرے گی اور اہم کیلنڈر جاری کریگی، اقدام سے ہر سال رویت ہلال پرپیدا ہونے والا تنازع ختم ہوگا۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عید اور رمضان کے چاند پر36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقل مندی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ چاند دیکھنے پر قومی خزانے سے رقم خرچ ہورہی ہے، کم ازکم چاند دیکھنے کا تومعاوضہ نہیں ہونا چاہیے، رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پڑھے لکھے علما کرام میری تجویزکی حمایت کررہے ہیں، چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، 10سال کا کیلنڈربن جائے گا توغیرضروری اخراجات سے بچ جائیں گے۔
اس پرمفتی منیب الرحمان نے قمری کلینڈرکے فوادچوہدری کے بیان پرردعمل میں کہا تھا دینی معاملات سے لاعلم وزیروں کوکھلی چھٹی نہیں ملنی چاہیے۔