مزدوروں کے حقوق کاتحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

0


اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مزدوروں بشمول گھریلو ملازمین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی شخصیات کے علاوہ انٹڑنیشنل لیبر آرگنائزیشن، ورلڈ بینک اور ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کل یوم مزدور پر "مزدور کا احساس” پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت ملک اور بیرون ملک پاکستانی مزدوروں کی فلاح پر توجہ دی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت ’احساس لیبر ویلفیئر اینڈ سوشل پروٹیکشن ایکسپرٹ گروپ‘ بنایا جائے گا، ایکسپرٹ گروپ مختلف شعبوں سے وابستہ مزدوروں کی بہبود یقینی بنانے کی سفارشات دے گا۔

اعلامیے کے مطابق مزدور کا احساس پروگرام کے تحت ایک سال میں مزدوروں کی رجسٹریشن کی جائے گی، رجسٹریشن کے عمل سے مزدوروں کو پینشن و دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے مدد ملے گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کے شرکاء کو بیرون ملک پاکستانی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروٹیکٹر آف امیگریشن کے دفاتر میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، بیرون ملک غریب پاکستانی مزدوروں کو ائیر ٹکٹ پر حکومت سبسڈی دے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ سبسڈی ان مزدوروں کو ملے گی جو 7 سال سے وطن واپس نہیں آ سکے، بیرون ملک مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم شروع کیا گیا ہے۔

وزیرِاعظم کو لیبر قوانین اور مزدوروں کی فلاح کے لیے صوبائی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے گھریلو ملازمین کے تحفظ سے متعلق اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے حقوق سے متعلق اصل چیلنج متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد ہے۔ انہوں نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں مرحلہ وار اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم پاکستان نے ہدایت کی مزدوروں کی رجسٹریشن کی جائے تاکہ روایتی و غیر روایتی شعبوں کے مزدوروں کا ریکارڈ میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں بشمول گھریلو ملازمین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.