وزیراعظم سے متعلق نجم سیٹھی کی جھوٹی خبر پر10لاکھ روپے جرمانہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پیمرا نے وزیراعظم سے متعلق نجم سیٹھی کی جھوٹی خبر پر ایکشن لے لیا،10لاکھ روپے جرمانہ، معافی مانگنے کے احکامات جاری۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پروگرام "نجم سیٹھی کے ساتھ” میں وزیراعظم پاکستان سے متعلق جھوٹی خبرنشرکرنے کی شکایت پر چینل 24اور اینکرکو سات یوم کے اندر معافی نشر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
پیمرا نے چینل 24کو سات یوم کے اندر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
اس حوالے سے میسرز بابر اعوان اینڈ ایسوسی ایٹس کے ذریعے دائر کردہ وزیراعظم عمران خان کی شکایت پر پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد نے اپنے 24اپریل 2019ء کو منعقدہ 59ویں اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا (پروگرام و اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015ء کی شق 18کے تحت معافی نشر کرنے کی سفارشات دیں تھیں۔
پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چینل 24کے پروگرام "نجم سیٹھی کے ساتھ” کی نشریات پر 30دن کے لئے پابندی کا اطلاق ہو گا۔
اگر چینل پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں جزوی یا مجموعی طور پر ناکام رہا تو اتھارٹی چینل کے لائسنس کی معطلی یا منسوخی کیلئے اقدامات کرے گی۔