وزیراعظم عمران خان 4روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
بیجنگ(نیٹ نیوز)وزیر اعظم عمران خان 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، ڈپٹی سیکرٹری جنرل بیجنگ میونسپل کمیٹی لی لیفنگ نے وزیراعظم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچنے پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل بیجنگ میونسپل کمیٹی لی لیفنگ نے وزیراعظم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا، پاکستان میں تعینات چینی سفیر اور پاکستانی سفیر مسعود خالد بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔
وزیر اعظم چینی صدر کی دعوت پر دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں بھی شرکت کریں گے جبکہ 26 اپریل کو فورم میں کلیدی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم 28 اپریل کو پاکستان بزنس اینڈ سرمایہ کاری فورم میں بھی شرکت کریں گے،دورہ چین پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین ہمارا قریبی دوست اور آئرن برادر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں پْر اعتماد ہوں کہ دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی،انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ دوریکا آغاز کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ دورے میں بہترین دوست صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیچیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی، چینی قیادت کیساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی باہمی احترام پر مبنی ہے، پاکستان اور چین کی دوستی عوام کے دلوں میں ہے، چین کے تعاون اور دوٹوک حمایت پر شکر گزار ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، سی پیک ہماری حکومت کی ترجیح ہے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پر کام کر رہے ہیں۔